سرینگر: سرینگر کے درگاہ حضرتبل میں قومی نشان (نیشنل ایمبلم) کے مسخ کیے جانے پر کشمیر میں ایک بڑا سیاسی تنازع شروع ہو گیا ہے۔ سیاسی لیڈران کی جانب سے الزامات اور جوابات کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
نماز جمعہ کے بعد نامعلوم افراد نے درگاہ حضرتبل کے افتتاحی کتبے پر چسپاں قومی نشان کو توڑ کر اسے مسخ کر دیا۔ اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔
قبل ازیں این سی کے ترجمان تنویر صادق نے کہا تھا کہ ’’اسلام میں بت پرستی سخت منع ہے اور مقدس مقامات پر ایسی شبیہیں نہیں ہونی چاہئیں۔‘‘ بی جے پی رہنما اور وقف بورڈ چیئرپرسن درخشاں اندرابی نے اس کے جواب میں نیشنل کانفرنس پر ہی الزام عائد کیا کہ انہوں نے سازش کی اور اور غنڈوں کو بھیج کر قومی نشان کو مسخ کرایا۔ اندرابی نے اس معاملے میں کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔